طلباء پر سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ طلباء پر سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی زیرصدارت صوبے کی سرکاری شعبہ کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کا اجلاس ہوا جس میں یونیورسٹیوں کیلئے صوبائی حکومت کی گرانٹ ان ایڈ کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے صوبے کی سرکاری شعبہ کی یونیورسٹیوں کیلئے ڈھائی ارب روپے کی گرانٹ ان ایڈ کے فوری اجراء کی منظوری دی۔

اجلاس میں یونیورسٹیوں کے مالی امور اور اسٹرکچر کا جائزہ لیتے ہوئے آمدنی اور اخراجات میں تناسب پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ یونیورسٹیاں خود مختار ادارے ہیں اور بہتر مالی نظم و نسق کے زریعہ انہیں خود انحصاربنایا جا سکتا ہے جبکہ نیشنل فائنانس کمیشن کے فارمولے کے تحت ہائر ایجوکیشن کمیشن سے صوبے کی یونیورسٹیوں کو  9 فیصد حصہ ملنا چاہیے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ صوبے کی یونیورسٹیوں کی مالی معاونت کیلئے صوبائی بجٹ میں ڈھائی ارب روپے مختص ہیں، طے شدہ فارمولے کے مطابق دس یونیورسٹیوں میں گرانٹ ان ایڈ تقسیم کی جائے گی۔

 سیکریٹری ہائر ایجوکیشن نے کہا کہ گرانٹ ان ایڈ کی تقسیم کے طے شدہ فارمولے میں تمام عوامل کو مدنظر رکھا گیا ہے، ہائر ایجوکیشن کمیشن سے صوبے کی یونیورسٹیوں کو ملنے والا حصہ 4.5 فیصد ہے۔

اجلاس میں وائس چانسلر نے کہا کہ پورا حصہ نہ ملنے کے باعث یونیورسٹیوں کو مالی مسائل درپیش ہیں، مجموعی طور پر یونیورسٹیوں کو سالا نہ 2.9 ارب روپے کی کمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

وائس چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹیوں کی فیسوں کی مد میں اپنی مجموعی آمدنی 1.4 ارب روپے ہے، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے 3.4 ارب روپے ملتے ہیں جبکہ صوبائی حکومت 2.5 ارب روپے کی گرانٹ ان ایڈ دیتی ہے۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے وائس چانسلرز کو صوبے کی یونیورسٹیوں کے مسائل کے دیرپا حل کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ اس وقت شدید مالی مسائل سے دوچار ہے لیکن ہماری کوشش ہوگی کہ یونیورسٹیوں کے مالی مسائل کے حل کے لیے بھرپور معاونت کی جائے جبکہ یونیورسٹیوں میں ڈسپلن کے قیام اور معیار تعلیم کی بہتری پر توجہ دی جائے۔

عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ طلباء ہمارا مستقبل ہیں صوبے کی یونیورسٹیوں میں زیرتعلیم طلباء ہمارے اپنے بچے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے مزید کہا کہ طلباء پر سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے ، ایسے اقدامات کرینگے کہ ہمارے طلباء تعلیم و ہنر کے میدان میں پیچھے نہ رہیں۔

Best Car Accident Lawyer