ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی بدترین شکست پر نواز شریف کی جانب سے شدید برہمی کا اظہار کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف نے پارٹی قیادت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لیگی وزراء اور عہدیداران کو سخت تنبیہ کی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ قائد مسلم لیگ ن نے اعلیٰ قیادت سے ضمنی انتخابات میں شکست کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔
دوسری جانب رہنماؤں اور امیدواروں نے ضمنی انتخابات میں شکست کی ذمہ داری مریم نواز، حمزہ شہباز اور پارٹی کی قیادت پر عائد کر تے ہوئے کہا کہ اگر پنجاب میں موسی گیلانی بڑی لیڈ سے جیت سکتے ہیں تو ن لیگ بھی جیت سکتی تھی ۔
لیگی رہنماؤں اور امیدواروں کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 50 سے زائد جلسے کئے لیکن ہماری قیادت نے انتخابی مہم میں حصہ ہی نہیں لیا اور مریم نواز انتخابی مہم چلانے کی بجائے لندن روانہ ہوگئیں اور حمزہ شہباز گھر سے ہی نہ نکلے ۔
لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن غیر منظم ہوچکی ہے رہنما اپنی ذات تک محدود اور وفاقی وزراء پارٹی ورکرز کو اہمیت نہیں دیتے ہیں تاہم جماعت کے صدر وزیراعظم شہباز شریف ہیں انکے پاس بھی پارٹی کے لیے وقت نہیں ہے۔
ن لیگی امیدواروں نے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر پارٹی کے ونگز اور کارکنان متحرک نہیں جس کی بڑی وجہ لیڈر شپ کا ایکٹو نہ ہونا ہے۔
امیدواروں نے کہا کہ مہنگائی میں مسلسل اضافہ، بجلی کے بھاری بل، پارٹی کا مفاہمانہ بیانیہ اور قیادت کی عدم دلچسپی شکست کی وجوہات بنیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق پارٹی رہنماؤں کے گلے شکووں سے نواز شریف کو آگاہ کر دیا گیا ہے جس پر مسلم لیگ ن کے قائد نے پارٹی کی ضمنی انتخابات میں شکست کے اسباب جاننے کے لئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کی ہدایت کر دی ہے جو کہجلد از جلد پارٹی کی شکست کی وجوہات کی رپورٹ نواز شریف کو بھجوائے گی۔