کرم: قبائلی ضلع کرم کے قصبہ سدہ میں مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے درمیان جھڑپوں میں 8 افراد زخمی ہوگئے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ ایک ہجوم نے قصبے میں ضلعی انتظامیہ کے دفاتر پر حملہ کیا۔
ضلعی انتظامیہ کا دفتر ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار سے 20 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔
مظاہرین نے دفاتر پر پتھراؤ کیا جس کے بعد اہلکار فائرنگ کرنے پر مجبور ہوگئے۔
ایک مقامی بزرگ حاجی سیف اللہ نے بتایا کہ مظاہرین مرکزی بازار کی طرف جارہے تھے جب فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے ایک چیک پوسٹ پر روکنے کے لیے فائرنگ شروع کردی۔
ضلعی انتظامیہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ فائرنگ سے 8 افراد زخمی ہوئے جن میں 3 کی حالت تشویشناک ہے۔
زخمیوں کو تھیل گیریژن کے فوجی ہپستال منتقل کردیا گیا ہے۔
سدہ قصبے میں سیل فون سگنلز اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کے ساتھ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔
تاہم بھاری اور ہلکی ٹریفک کے لیے مرکزی شاہراہ کھول دی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پارلیمنٹیرینز سمیت انتظامیہ عہدیداروں اور عمائدین کے مابین بات چیت جاری ہے۔