صوبائی حکومت نے مجھے ہروایا، غلام بلور کا شکست تسلیم کرنے سے انکار

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما  اور قومی اسمبلی کے حلقے این اے 31 کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے مدمقابل امیدوار غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے مجھے ہروایا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں غلام احمد بلور نے کہا کہ جھوٹی خبریں پھیلانے سے گریز کریں، میں نے کسی صورت شکست قبول نہیں کی، اب یہ تماشا ختم ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سخت ردعمل کا اظہار کریں گے، اس بارے میں اپنے لوگوں سے مشورہ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پشاور ہائی کورٹ جائیں یا الیکشن کمیشن، مینڈیٹ لوٹ مار کی اجازت نہیں دیں گے۔

 

واضح رہے کہ این اے 31 پشاور کے تمام 265 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہو چکے ہیں۔

غیر حتمی نتیجے کے مطابق عمران خان 57 ہزار 824 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہو گئے ہیں، اے این پی کے غلام احمد بلور 32 ہزار 253 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے اور جماعت اسلامی کے محمد اسلم 3 ہزار 817 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔

این اے 31 پشاور میں ووٹر ٹرن آؤٹ 20.28 فیصد رہا۔

Best Car Accident Lawyer