صدر مملکت کے بیان پر وفاقی وزراء کا رد عمل سامنے آگیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے صدر مملکت کے بیان پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر کا رویہ صدر مملکت سے زیادہ ایک جماعت کی طرف رہا ہے، اسی لیے ہم نے تقریر سنی نہیں باہر آگئے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ صدر نے غیر آئینی اقدامات کیے تھے، انہوں نے بطور آئینی سربراہ اپنی ذمہ داریاں بہتر طور پر ادا نہیں کیں، وزیر اعظم بھی اسی وجہ سے نہیں آئے ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے صدر مملکت کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں آنے والا یہ وہ صدر ہے جس نے ملک کا آئین توڑا ہے، صدر ملک کا ایک ستون ہوتا ہے لیکن اس ستون نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے جبکہ آئین کے مطابق صدر پر آرٹیکل 6 بھی لگتا ہے۔
اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی صدر مملکت کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص نے اسمبلی توڑی ہوئی ہے اس کو شرم حیا ہونا چاہیے، سمریاں واپس بھیجتا ہے اور یہاں آکر تقریر کرتا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کے عہدیداروں سے حلف نہیں لیتا ہے، اسمبلی توڑی ہوئی ہے، جس طرح کا اس کا لیڈر ہے اسی طرح کا یہ خود ہے۔