شہر قائد میں شدید گرمی کے باعث پارہ 40 تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا موسم آج بھی شدید گرم اور خشک رہیگا جبکہ اس دوران کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سمندری ہوائیں معطل ہیں جس کے باعث شہر میں صحرائی گرم و خشک ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ آج مطلع صاف رہے گا البتہ بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
گرمی سے خود کو محفوظ بنائیں
گرمی سے خود کو محفوظ بنائیں کے لیے ضروری ہے کہ جسم میں پانی کی کمی کو پورا کیا جائے، جب جسم میں پانی کی کمی پیدا ہوتی ہے تو بار بار پیاس لگتی ہے، معمول سے بہت کم پیشاب آتا ہے اور پیشاب کی رنگت گہری ہو جاتی ہے، جسم بہت جلد تھکاؤٹ کا شکار ہونا شروع ہو جاتا ہے، سر میں درد اور چکر آ سکتے ہیں اور ایسی صورت میں زیادہ سے زیادہ پانی پینا بہت ضروری ہو جاتا ہے۔
خاص طور پر نمک کی کمی کو پورا کرنے کے لیے لیموں کی سکنجبین کا استعمال زیادہ کریں اور اس میں نمک ڈال کر پینا شروع کر دیں، نارنجی کا جوس بھی جسم کو ڈی ہائیڈریٹ ہونے سے بچاتا ہے۔
اس کے ساتھ ہی ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں کیونکہ گہرا رنگ سورج کی دھوپ کو اپنے اندر جلدی جذب کرتا ہے اور ایسا کپڑا جلدی گرم ہو جاتا ہے اور دھوپ میں نکلنے سے پہلے اپنے سر کو سفید یا ہلکے رنگ کے کپڑے سے ضرور ڈھانپ لیں۔