مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز گل کے کیس میں تشدد نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے تین چار دن سے ٹی وی چینلز پر بغیر کسی تحقیقات کے غیر ضروری پروپیگنڈا چل رہا ہے اور پروپیگنڈے میں صرف اور صرف جھوٹ بولا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز گل کی فیک ویڈیو چلائی جا رہی ہے، پروپیگنڈا مشینری صرف جھوٹ بولنا جانتی ہے، اسی کو بنیاد بنا کر میڈیا اور سوشل میڈیا پر اسے چلایا جا رہا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہباز گل نے اپنے بیپر میں اداروں کے درمیان بغاوت کی کال دی، آئین میں دی گئی یہ ریڈ لائنز ہیں جس کی شہباز گل نے خلاف ورزی کی اور اسی بنیاد پر ان کے خلاف مقدمہ قانون کے مطابق درج ہوا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا اور تحقیقات شروع ہو گئیں، اس مقدمہ کی وجوہات سے نظر ہٹانے کے لئے عمران خان پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ کسی پر بھی تشدد نہیں ہونا چاہیے، شہباز گل کے کیس میں تشدد نہیں ہوا، اس حوالے سے صرف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ شہباز گل کے سامنے جب کیمرہ آتا ہے تو وہ ایکٹنگ شروع کر دیتے ہیں جبکہ چکوال میں ایک ریپسٹ کی ویڈیو ہے کو شہباز گل کی ویڈیو سے جوڑا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چکوال کے اس ریپسٹ نے ایک بچے کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد وہاں کے مقامی لوگوں نے اس شخص پر تشدد کیا، یہ آدھی ویڈیو چلوا کر کہہ رہے ہیں کہ یہ شہباز گل کی ویڈیو ہے اور انہیں جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا تھا کہ غلط ویڈیوز اور تصاویر چلانا سائبر کرائم کے زمرے میں آتا ہے، اس پروپیگنڈے کو اظہار رائے کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدالت کے حکم کے مطابق ایک انکوائری ہو رہی ہے جس کے تمام شواہد وزیر داخلہ بہت جلد میڈیا کے سامنے پیش کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا پر غلط اور اخلاق سے گری ہوئی آدھی ویڈیوز چلا کر طوفان بدتمیزی برپا کیا جا رہا ہے، یہ بیانیہ عمران خان نے شروع کیا ہے، ان کا مقصد اپنی کہانی کو بدلنا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا کہ شہباز گل پر جنسی تشدد کیا جا رہا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بغیر تحقیقات کے اس معاملے پر پروپیگنڈا کیا گیا، کیا کسی نے اصل ویڈیو اور تصاویر دیکھیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ پروپیگنڈا عمران خان اپنی اس کہانی کو بدلنے کی کوشش کے لئے کر رہے ہیں جس کے تانے بانے عمران خان سے ملتے ہیں، عمران خان نے اپنی فارن فنڈنگ سے نظر ہٹانے کے لئے مہم چلوائی۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر کے شہداء کے خلاف ٹرولنگ اور شہباز گل کے خلاف تشدد کا پروپیگنڈا کرنا صرف اپنی کہانی سے نظر ہٹوانے کیلئے ہے۔
اس موقع پر فاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بغاوت کے مقدمے میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی پمز اسپتال کے کمرے کی چہل قدمی اور مطالعہ کی تازہ ترین ویڈیو صحافیوں کو دکھا دی۔