شہباز شریف سے آغا خان کے صاحبزادے کا ٹیلیفونک رابطہ

وزیراعظم شہباز شریف سے آغا خان کے صاحبزادے شہزادہ رحیم آغا خان کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

شہزادہ رحیم آغا خان نے آغا خان کی طرف سے نیک تمناؤں کا پیغام وزیراعظم تک پہنچایا جبکہ شہزادہ رحیم آغا خان نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور ان سے ہونے والے جانی ومالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔

ٹیلیفونک رابطے کے دوران شہزادہ رحیم آغا خان نے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے 10 ملین ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کیا۔

شہزادہ رحیم آغا خان نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے تمام اداروں کو امداد اور بحالی کے کاموں میں بھرپور حصہ لینے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آغا خان کے لئے نیک تمناؤں کا پیغام دیا جبکہ وزیراعظم نے پاکستان میں صحت، تعلیم اور دیہی ترقی کے لئے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کی مدد کو سراہا۔

وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کےلئے امداد کے اعلان پر شہزادہ رحیم آغا خان کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے دنیا بھر میں بالخصوص یورپی یونین کے رکن ممالک میں پاکستان میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کی درخواست کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل ڈونر ایجنسیز کے ذریعے پاکستان میں سیلاب زدگان کے ریلیف اور بحالی میں مالی مدد دی جائے۔

Best Car Accident Lawyer