شازیہ مری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے کوشاں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے کلفٹن کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر سیلاب متاثرہ شخص تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے مخیر حضرات آگے آئیں اور ان کی مدد کریں، موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے حکومت کام کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان میں موسم تبدیل ہوا ہے اور بارشوں کے نتیجے میں بلوچستان کے 25 ڈسٹرکٹس سخت متاثر ہوئے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے کوشاں ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک ریلیف کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کی ہے جس کی سربراہی احسن اقبال کر رہے ہیں،متاثرہ علاقوں میں ڈی سی آفیسز نقصانات کا سروے کر رہے ہیں، این ڈی ایم اے اضلاع سے ڈیٹا لے کر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے کرے گا۔
شازیہ مری نے کہا کہ بارشوں میں فوج سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں میں مصروف عمل ہےبارشوں سے سندھ کے بیشتر شہر متاثر ہوئے ہیں جبکہ حالیہ بارشوں سے ضلع سانگھڑ بھی بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ عمران نیازی خود ایک سازش ہیں، ملک میں اس وقت پریشانی ہے، لوگ بارشوں سے متاثر ہیں اور ایسے وقت میں عمران خان اپنے اداروں کی تذلیل کر رہے ہیں، جب عمران خان وزیر اعظم تھے، بارشیں ہوئیں تو وفاق نے کوئی مدد نہیں کی۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ 15 لاکھ خاندانوں کو فی خاندان 25 ہزار روپے دئے جائیں گے اور اس کے لئے37 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں ،حالیہ بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان صوبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور مزید بارشوں سے سندھ کے کئی اضلاع بھی متاثر ہوئے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اور ملک کے دیگر علاقوں میں بھی نقصان ہوا ہے جبکہ 650 سے زائد افراد بارشوں میں جان کی بازی ہار گئے ہیں، حکومت کی طرف سے انکے لواحقین کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر شازیہ مری کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب کو ملکر سیلاب اور بارش متاثرین کی مدد کرنے چاہیے، متاثرین کا ڈیٹا جمع کیا جائے گا اور یہ رقم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے دی جائے گی۔