‘ڈالر اسمگلنگ’ کیس سے شہرت حاصل کرنے والی ماڈل، پروڈیوسر و گلوکارہ ایان علی نے شوبز میں واپسی کا اعلان کرنے کے بعد اپنا پہلا میوزک البم ریلیز کردیا۔ یاد رہے کہ ایان علی ماضی میں مختلف گانوں اور فیشن شوز میں ماڈلنگ کرتی دکھائی دیتی تھیں، تاہم انہیں 5 سال قبل 2015 میں اس وقت سب سے زیادہ شہرت ملی تھی جب وہ کرنسی اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار ہوئی تھیں۔ جس کے بعد 11 zجولائی کو ماڈل ایان علی نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں شوبز میں واپسی کا اعلان کیا تھا۔
ایان علی نے اپنی ٹوئٹ اور انسٹاگرام پوسٹ میں لگژری گاڑیوں کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ ایک یا دو ہفتے میں ان کے بیک وقت 7 نئے گانے ریلیز ہوں گے۔ ماڈل و گلوکارہ نے امید کا اظہار کیا تھا کہ ان کے مداحوں کو 5 سال بعد ان کی شوبز میں واپسی اچھی لگے گی اور ان کے گانوں کو بھی بہت پسند کیا جائے گا۔
جس کے بعد 3 اگست کو ایان علی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ٹوئٹر اور انسٹاگرامز پر جاری پوسٹ میں لکھا کہ ‘ میرا پہلا البم جس پر میں نے 5 برس پہلے کام شروع کیا تھا بالآخر ریلیز ہوگیا ہے’۔
ایان علی نے بتایا کہ ان کے البم ‘نتھنگ لائیک ایوری تھنگ’ کی آفیشل اینی میٹڈ ویڈیوز، آفیشل میوزک ویڈیوز اور بہت کچھ جلد ریلیز کیا جائے گا۔ ماڈل و گلوکارہ کے گانے ان کے یوٹیوب چینل، میوزک اسٹریمنگ ایپس اور ویب سائٹس اسپاٹی فائی، ڈیزر اور گوگل پلے پر سنے جا سکتے ہیں ایان علی نے بیک وقت 7 گانے ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم 3 اگست کو 8 گانے ریلیز ہوئے۔
اس سے قبل 2015 میں ان کا گانا ‘ارتھ کیوک’ ریلیز ہوا تھا جسے اس وقت ایان علی کے البم نتھنگ لائیک ایوری تھنگ کا حصہ قرار دیا گیا تھا۔ ماڈل ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد کے بینظر انٹنرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی جاتے وقت گرفتار کرکے ان سے 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد کیے گئے تھے۔
مذکورہ واقعے کے بعد ہی ان کا نام ‘ڈالر اسمگلنگ گرل’ پڑا تھا اور وہ کم از کم 4 ماہ تک جیل میں رہیں اور ان کا کیس ملک کا اہم ترین کیس بھی تھا۔
ان پر فرد جرم عائد کرنے سمیت ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں بھی شامل کیا گیا تھا اور وہ فروری 2017 تک مذکورہ کیس کا عدالتوں میں سامنا کرتی رہیں۔
تاہم فروری میں سپریم کورٹ نے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی تھی، جس کے بعد وہ 17 فروری 2017 کو دبئی روانہ ہوگئی تھیں۔
ان کے خلاف اسمگلنگ کیس ختم نہیں ہوا تھا اور انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا اور گزشتہ برس مارچ میں سپریم کورٹ نے ان کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ بادی النظر میں ملزمہ کرنسی اسمگلنگ میں ملوث پائی گئیں۔
کرنسی اسمگلنگ کیس میں ضمانت حاصل کرنے کے بعد بیرون ملک جانے والی ماڈل ایان علی گزشتہ 3 سال میں سوشل میڈیا پر بھی انتہائی کم متحرک دکھائی دیں۔