گزشتہ برس کے اختتام پر ویلو میوزک اسٹیشن میں ‘بوم بوم’ کوک اسٹوڈیو 2020 میں ‘نہ ٹُٹیا وے’ اور ‘سکل بن’ گانے ریلیز کرنے والی گلوکارہ میشا شفیع کا کہنا ہے کہ وہ اس بات پر شرط لگانے کو تیار ہیں کہ جو لوگ ان سے نفرت کرتے ہیں اور جو ان سے چھپ رہے ہیں، وہ بھی ان کے گانے سنتے ہیں۔
میشا شفیع نے نومبر اور دسمبر 2020 میں ایک کے بعد ایک بہترین گانا جاری کرکے جہاں مداحوں کے دل جیتے، وہیں ان کے گانوں نے کامیابیوں کے نئے ریکارڈز بھی بنائے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ میشا شفیع کے آخری تین مہینوں میں جاری ہونے والے گانوں کی تیاری میں کورونا کی وبا کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا رہا اور انہوں نے بھی اپنے گانے اس وقت ہی سنے جب وہ ہر کسی کے لیے ریلیز کیے گئے۔
میشا شفیع نے اپنی زندگی کے آخری ڈھائی سال اور کیریئر کے حوالے سے کھل کر بات کی اور یہ بھی بتایا کہ حال ہی میں انہیں ویلو میوزک اسٹیشن اور کوک اسٹوڈیو کے لیے گانے تیار کرنے میں کن مشکلات کا سامنا رہا۔
کینیڈا سے انٹرنیٹ کے ذریعے ملیحہ رحمٰن سے بات کرتے ہوئے میشا شفیع نے بتایا کہ کس طرح انہوں نے پاکستان اور کینیڈا کے وقت میں فرق کی وجہ سے کینیڈا میں رات جاگ کر اپنے ویلو اسٹیشن اور کوک اسٹوڈیو کے گانوں کے ریلیز ہونے کا انتظار کیا۔
میشا شفیع نے یہ انکشاف بھی کیا کہ کوک اسٹوڈیو میں ریلیز کیا گیا ان کا گانا ‘نہ ٹُٹیا وے’ انہوں نے پہلی بار مکمل طور پر اس دن ہی سنا جب اسے عام عوام کے لیے ریلیز کیا گیا۔