احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک کا بنیادی مقصد پاکستان میں صنعتی شعبے کو فروغ دینا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ سے ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملاقات میں توانائی اور بجلی کے منصوبوں پر باہمی تعاون سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز کو کامیاب بنانے کے لیے چین کا تعاون قابل تحسین ہے اور پاکستان ان زونز کی تکمیل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر گوادر میں بجلی کی ترسیلی لائنوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور اسے بروقت مکمل کیا جائے گا۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ گوادر کو بجلی کی فراہمی رواں سال دسمبر میں ایران سے اور اگلے سال مارچ میں نیشنل گرڈ سے شروع کر دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کا بنیادی مقصد پاکستان میں صنعتی شعبے کو فروغ دینا ہے، موجودہ حکومت سی پیک منصوبوں کو بغیر کسی تاخیر کے مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کی خوشحالی گوادر کی ترقی سے وابستہ ہے اور موجودہ حکومت سی پیک کے تحت تمام منصوبے گوادر میں مکمل کرے گی۔
ملاقات میں چینی سفیر نے حکومت خصوصاً وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی کی کوششوں کو سراہا اور تمام تر تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا۔