نيشنل ڈيزاسٹر مينجمنٹ اتھارٹى (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں اور سيلاب کے باعث 24 گھنٹوں میں مزيد 26 افراد زندگى کى بازى ہار گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نيشنل ڈيزاسٹر مينجمنٹ اتھارٹى نے حاليہ بارشوں سے ہونے والے جانى و مالى نقصانات کی تفصیلات جارى کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں 22، بلوچستان 2 اور خيبرپختونخواہ میں 2 افراد جانبحق ہوئے، جانبحق ہونے والوں میں 11 مرد، 3 خواتین اور 12 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک بھر میں حاليہ بارشوں اور سيلاب سے اب تک جانبحق ہونے والے افراد کى تعداد 1290 ہو گئی، حاليہ بارشوں اور سيلاب سب سے زيادہ سندھ میں 492 اموات ريکارڈ ہوئیں، بلوچستان میں 259، خيبرپختونخوا میں 286، پنجاب میں 188، گلگت بلتستان میں 22 جبکہ آزاد کشمیر میں 42 افراد زندگى کى بازى ہارے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 570 مرد، 259 خواتين جبکہ 453 بچے اب تک جان کى بازى ہار گئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 افراد حاليہ بارشوں اور سيلاب سے زخمى ہوئے، زخمى ہونے والے 7 افراد کا تعلق سندھ جبکہ 4 کا تعلق خيبرپختونخواہ سے ہے، ملک بھر میں اب تک زخمى ہونے والے افراد کی کل تعداد 12588 ريکارڈ کى گئى ہے۔
ادارے نے کہا کہ بارشوں سے سب سے زیادہ سندھ میں 8321 افراد زخمى ہوئے، پنجاب میں زخمى افراد کى تعداد 3737 تک جا پہنچى، بلوچستان میں حاليہ بارشوں سے زخمى افراد کى تعداد 164 ہے، خيبر پختونخوا میں 340 جبکہ آزاد کشمير میں 21 زخمى رپورٹ ہوئے۔
این ڈی ایم اے نے کہا کہ بارشوں کے سلسلے میں ملک بھر میں 544376 گھر تباہ ہوئے، بارشوں اور سيلاب سے جزوى طور پر 9 لاکھ 23 ہزار 643 گھروں کو نقصان پہنچا، ملک بھر میں 243 پلوں اور 173 دکانوں کو حاليہ بارشوں سے نقصان پہنچا، ملک بھر میں 7 لاکھ 36 ہزار سے زائد مويشيوں کا نقصان ہوا جبکہ کل 5563 کلو ميٹر سڑک کو حاليہ بارشوں کے باعث نقصان پہنچا۔