مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ سیلاب نے سندھ حکومت کی نالائقی کا پول ایک بار پھر کھول دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کی ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، بالخصوص سیلاب اور امدادی کارروائیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔
عمر سرفراز چیمہ کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ سیلاب نے سندھ حکومت کی نالائقی اور ناکامی کا پول ایک بار پھر کھول دیا ہے، سیلاب متاثرین کی مدد کے بجائے سندھ حکومت اپوزیشن لیڈر کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بہتر حکومتی اقدامات اور موثر انتظامی ڈھانچے کے باعث سیلاب کا نقصان کم سے کم رہا، سندھ میں حکومتی شخصیات نے اپنی جاگیریں بچانے کے لیے دیہاتوں کے دیہات ڈبو ڈالے۔
انہوں نے کہا کہ حلیم عادل شیخ نے نہایت جرات سے استبدادی ہتھکنڈوں کا مقابلہ کیا ہے، وہ سندھ حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے باوجود حق پر ڈٹے رہے ہیں۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ سندھ حکومت ایک اپوزیشن لیڈر سے جنگی قیدیوں والا سلوک کر رہی ہے، بلاجواز انتقامی کارروائیوں پر پارٹی کی سپورٹ کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔