وزیراعظم نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پوری قوم کا یکجا ہونا ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وزیراعظم ہائوس میں اتحادی جماعتوں کی قیادت کا اجلاس ہوا ہے۔
اجلاس میں شرکاء کو چاروں صوبوں میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس میں متاثرین سیلاب کی امداد اور بحالی کی حکمت عملی طے کی گئی۔
اجلاس میں تباہ کن سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال اور حکومت کو درپیش چیلنجوں پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب متاثرین کو ریسکیو کرنے اور مدد فراہم کرنے پر پاک فوج کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے فلاحی اداروں اور تنظیموں کے کردار کو بھی سراہا۔
شہبازشریف نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے پوری قوم کا یکجا ہونا ضروری ہے، وفاقی حکومت تمام صوبوں میں سیلاب متاثرین کی بلاتفریق مدد کررہی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے ہرممکن وسائل استعمال کیے جائیں گے جبکہ وفاقی حکومت سیاست سے بالاتر ہوکر سیلاب متاثرین کی مدد کا قومی فریضہ ادا کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں شریک نہیں ہوئے جبکہ اجلاس میں اعلیٰ عسکری حکام ، چیئرمین این ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔