سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان متحرک ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کل رات سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز اکٹھے کرنے کیلئے ٹیلیتھون کریں گے۔
عمران خان نے ٹیلی تھون کے حوالے سے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس وقت سیلاب کی صورت میں اللہ کی طرف سے ایک امتحان آیا ہوا ہے، بڑی تعداد میں پاکستانی اس سیلابی صورتحال سے متاثر ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیر کے روز رات 9:30 بجے میں ایک ٹیلی تھون کر رہا ہوں جس میں پاکستانیوں اور بیرون ملک پاکستانیوں سے سیلاب متاثرین کے لیے پیسے اکٹھے کروں گا، چاہتا ہوں تمام پاکستانی اس میں شرکت کریں۔
انہوں نے کہا کہ اپنی استطاعت کے مطابق اس نیک کام میں اپنا حصہ ڈالیں، فنڈز کے تمام معاملات ثانیہ نشتر کی سربراہی میں ایک کمیٹی دیکھے گی، کمیٹی میں تمام صوبوں کے نمائندہ افراد موجود ہوں گے۔
عمران خان نے کہا کہ جیسے جیسے پیسہ آتا جائے گا ہم سیلاب متاثرین میں تقسیم کرتے رہیں گے، میں پیر کی رات ٹیلی تھون میں اپنے تمام پاکستانیوں کا انتظار کروں گا۔