شازیہ مری نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین میں اب تک 18 ارب 25 کروڑ روپے کی نقد امداد تقسیم کی جاچکی ہے۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن شازیہ مری نے سماجی رابے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی فوری امداد کے لیے فی خاندان 25 ہزار روپے تقسیم کرنے کرنے کا عمل جاری ہے، اب تک ملک بھر میں 7 لاکھ 23 ہزار 919 خاندانوں میں نقد امداد دی جاچکی ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ بی آئی ایس پی نے مجموعی طور 18 ارب 25 کروڑ روپے سیلاب متاثرین میں تقسیم کرچکا ہے، مزید متاثرہ افراد کی امداد کا عمل جاری ہے۔
So far 723,919 families have received the 25,000 cash relief (per family) &an amount of Rs.18.25 Billion has been disbursed.
Despite challenges,Benazir Income Support Program rolled out its operations within no time after the announcement by Prime Minister. #FloodsInPakistan https://t.co/pqg3IjDAtY
— Shazia Atta Marri (@ShaziaAttaMarri) September 3, 2022
شازیہ مری کا مزید کہنا تھا کہ چیلنجوں کے باوجود بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے وزیر اعظم کے اعلان کے بعد فوری طور پر سیلاب متاثرین میں امدادی رقم تقسیم کے لیے اپنا کام شروع کر دیا تھا اور یہ عمل اب بھی جاری ہے۔
پاکستان میں سیلاب سے تباہی، دوست ممالک سے امدادی پروازوں کا سلسلہ جاری
دوسری جانب پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے کے لئے دوست ممالک سے امدادی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ابھی تک مختلف ممالک سے 30 امدادی پروازیں امداد لے کر پاکستان پہنچ چکی ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارت سے 12 امدادی پروازیں امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچی ہیں جبکہ دوسرا نمبر پر ترکیہ سے آنے والی امدادی پروازوں کا ہے، ترکیہ سے کل دس امدادی پروازیں امدادی سامان کے کر پاکستان پہنچی ہیں۔
عاصم افتخار احمد کا یہ بھی کہنا ہے کہ چین سے کل چار امدادی پروازیں امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچی ہیں جبکہ ازبکستان سے ایک امدادی پرواز سیلاب متاثرین کے لیے سامان لے کر پاکستان پہنچی۔
ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد کا مزید کہنا ہے کہ قطر سے امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچنے والی پروازوں کی تعداد 2 ہے جبکہ فرانس سے 1 امدادی پرواز امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچی ہے۔
یاد رہے ایران سے زمینی راستہ سے ٹرکوں کے زریعہ امدادی سامان پاکستان پہنچا جبکہ ترکی سے ایک ٹرین بھی امدادی سامان لے کر جلد پاکستان پہنچے گی۔
ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات سے ابھی مزید 8 امدادی پروازیں امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچیں گی جبکہ متحدہ عرب امارات سے ایک پرواز امدادی سامان کے کر آج شام ساڑھے 7 بجے پاکستان پہنچے گی۔
فرانس سے آنے والی ایک پرواز میں اعلی معیار کے طاقتور پمپس بھی شامل ہیں جن سے کھڑے سیلابی پانی کا انخلاء کیا جائے گا۔
پاک فوج کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری
علاوہ ازیں پاک فوج کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جس میں 200 ہیلی کاپٹرز ریسکیو آپریشن میں شامل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کی سیلاب کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے اور راشن اور ادویات کی ترسیل کے لیے دو سو ہیلی کاپٹر پاکستان کے مختلف علاقوں میں اڑائے گئے ہیں۔