ترجمان پاک فضائیہ نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فضائیہ کا ریسکیو آپریشن تیز رفتاری سے جاری ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ (پی اے ایف) کے مطابق سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فضائیہ کا ریسکیو، ریلیف اور بحالی کا آپریشن جاری ہے۔
جاری کردہ پیغام میں کہا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہالا، مٹیاری، تلہار، ماچھی، بولانی، لاشاری، ناروا، سیہون شریف، گھارو، جاتی، کوڈاریو، حاجی پور، چوہڑ جمالی، میرپور خاص، سائیں داد جیسے علاقوں میں ضرورت مند خاندانوں کو راشن پیک، 3100 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ اور 1100 پانی کی بوتلوں سمیت دیگر اشیاء ضروریہ پر مبنی امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔
بلو، جھل مگسی، حاجی پور، بستی شیر محمد، لاکھڑا، مٹیاری، شہداد کوٹ، صحبت پور، بستی جاگیر گبول، فاضل پور اور اللہ ورائیو جمالی میں بھی متاثرین میں اشیاء ضروریہ پر مبنی امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ شمالی زون میں بھی پی اے ایف کے بیسز خیبرپختونخوا میں حالیہ طوفانی بارشوں سے ہونے والی تباہی کے بعد ملک و قوم کی پکار پر لبیک کہنے کے لیے ہمہ تن تیار ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پی اے ایف کی جانب سے لگائے گئے فری میڈیکل کیمپ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مقامی لوگوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں، فیلڈ ہسپتالوں میں تعینات پی اے ایف کی میڈیکل ٹیموں نے 721 مریضوں کو مفت طبی امداد بھی فراہم کی ہے۔
سیلاب ملک بھر میں مزید 119 زندگیاں نگل گیا، تعداد 1033 ہو گئی
سیلاب ملک بھر میں مزید 119 زندگیاں نگل گیا، جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 1033 ہو گئی۔
اين ڈى ايم اے کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹے میں 71 افراد زخمى ہوئے، 14 جون سے اب تک ملک بھر میں 1033 افراد زندگى کى بازى ہار چکے، بلوچستان میں 238، کے پى 226، آزاد کشمير میں 38 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اين ڈى ايم اے کے مطابق ملک بھر میں 456 مرد، 207 خواتين اور 348 بچے جاں بحق ہوئے، ملک بھر میں اب تک زخميوں کى مجموعی تعداد بھی 1527 ہو گئى ہے، صوبہ سندھ زخمى افراد میں سرفہرست ہے ، تعداد 1009 تک پہنچ گئى، کے پى میں 282، پنجاب میں 105، بلوچستان میں 106 افراد زخمى ہوئے۔