سیلاب متاثرہ علاقوں میں ٹیلی کام سائٹس کی بحالی کیلئے آپریشن جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹیلی کام آپریٹروں کی کاوشوں سے متاثرہ علاقوں میں مزید سائٹس بحال کر دی گئی ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 139 سائٹس کو بحال کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی اے نے کہا کہ کنیکٹوٹی کی فراہمی کیلئے آپٹیکل فائبر بیک ہال کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے، سیلاب متاثرہ علاقوں میں اب صرف 429 سائٹس غیر فعال رہ گئی ہیں۔
ادارے نے کہا کہ ٹیلی کام سروسز کی بحالی کیلئے 850 ٹیمیں 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں، سیلابی پانی کے باعث طویل پاور بریک ڈاؤن اور فائبر کیبل کٹ جانے سے سروسز متاثر ہوئی ہیں۔
پی ٹی اے نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں کے باعث 3386 ٹیلی کام سائٹس متاثر ہوئیں، پی ٹی اے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے، بحالی کے اقدامات کے لیے ضروری ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔