حافظ سعد حسین رضوی نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ لوگ پاکستان کی غیور عوام ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے تونسہ اور ڈی جی خان میں لگائے امدادی کیمپوں کا دورہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان نے ملک بھر میں سیلاب متاثرین کے لئے کیمپ لگائے ہیں۔
سعد حسین رضوی نے یہ بھی کہا کہ آٹھ ستمبر کو قلعہ قاسم باغ میں بہت بڑا جلسہ تھا، سیلاب میں دُکھی انسانیت کے پیش نظر جلسہ منسوخ کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب وقت جلسے جلسے کھیلنے کا نہیں ہے جبکہ یہ وقت قوم کے دکھ درد بانٹنے کا وقت ہے۔
سعد حسین رضوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ سب سے پہلے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کی ضرورت ہے، جلسے اور سیاست بعد میں بھی ہو جائے گی۔ نیچے پانی ہے اوپر سے راشن پھینکوں گے تو وہ پھٹ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جو یہ دعوی کرتے تھے کہ پاکستان کی سڑکیں ترقی کے لئے بنائی ہیں آج وہ اس پہ چلنے کو تیار نہیں، سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے گھروں کو دوبارہ تعمیر کرنے کی کوشش کریں گے۔
امیر تحریک لبیک پاکستان نے یہ بھی کہا کہ سیلاب سے متاثرہ لوگ پاکستان کی غیور عوام ہیں، بے یار و مددگار کھلے آسمان تلے زندگی بسر کر رہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں اور نہ ہی سیر سپاٹے کرنے کا ہے بلکہ یہ پاکستانیوں کا درد بانٹنے کا وقت ہے۔
امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی کا مزید کہنا تھا کہ صحافی برادری قدم بڑھائے اور پاکستانیت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو انٹرنیشنل میڈیا پر دکھائے۔