سعید غنی نے کہا ہے کہ بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی دیکھ بھال اور ان کی بحالی تک کے تمام امور پر سندھ حکومت توجہ دے رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی کی صدارت ڈسٹرکٹ ملیر کا اجلاس ہوا جس میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی ملیر میں آمد، دیکھ بھال سے متعلق غور کیا گیا۔
اجلاس میں 25 ستمبر کو ہونے والے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 237 کے ضمنی الیکشن اور آئندہ بلدیاتی انتخابات پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی دیکھ بھال اور ان کی بحالی تک کے تمام امور پر سندھ حکومت توجہ دے رہی ہے جبکہ یہ ہماری ذمہ داری ہے ان متاثرین کو کسی قسم کی کوئی پریشانی نہ ہو اور ان کی تمام ضروریات کو پورا کیا جائے۔
پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے مزید کہا کہ علاقہ کے منتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور پارٹی کے تمام ذمہ داران اپنا مکمل کردار ادا کریں۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ملیر کے صدر سلمان مراد، این اے 237 کے پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار حکیم بلوچ بلوچ سمیت پیپلز پارٹی ملیر کے منتخب ارکان اسمبلی اور عہدیداروں نے شرکت کی۔
بارشیں اور سیلاب؛ 3 لاکھ سے زائد گھر تباہ، 1191 اموات
ملک بھرمیں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث 3 لاکھ سے زائد گھر تباہ ہوچکے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں بارشوں اورسيلاب سے مزيد 27 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد ایک ہزار 191 ہوگئی ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں اورسيلاب سے سندھ میں مجموعی طور پر 422 اموات ہوئیں جبکہ بلوچستان میں 253، خيبرپختونخوا میں 264، پنجاب میں 188 ، گلگت بلتستان میں 22 اور آزاد کشمیر میں 41 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ملک بھر میں بارشوں اورسيلاب سے مزید87 افراد زخمى بھی ہوئے جس کے بعد زخمیوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار 641 ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں بارشوں اورسيلاب سے 3لاکھ 72 ہزار823گھر تباہ ہوئے جبکہ جزوى طور پر7لاکھ 33 ہزار 536 گھروں کو نقصان پہنچا۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 243 پلوں اور 173 دکانوں کو حاليہ بارشوں سے نقصان پہنچا جبکہ 5063 کلو ميٹر سڑک بھی متاثر ہوئی۔
این ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں 7 لاکھ 31 ہزار سے زائد مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔