سراج الحق نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلیے اسلام آباد نے دل کھول کر ساتھ دیا ، یہاں کے لوگوں کے خلوص اور محبت سے متاثریں کو بہت حوصلہ ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی متاثرہ لوگوں کا خلوص دل سے ساتھ دے رہے ہیں، خواتین نے مشکل وقت میں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر مقابلہ کیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ پاکستانیوں کے سیلاب متاثرین کی مدد کے قومی جذبے کو شکست نہیں دی جا سکتی، متاثرہ بہن بھائیوں کو غیر ملکی اداروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے ابھی تک صرف اعلانات کیے، حکومت کا سیلاب متاثرین کو 5 لاکھ دینے کا اعلان مذاق ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت صوبائی اور وفاقی حکومت جنگ کی حالت میں ہیں، پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر ذلیل مت کریں، یہ وقت آپس میں لڑنے کا نہیں ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 4 کروڑ تک لوگ بے گھر ہو چکے ہیں، جن کے گھر تباہ ہوئے حکومت ان کو 30 لاکھ تک امداد دے جبکہ یکجا ہو کر سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکمران عالمی سطح پر ملک کی بدنامی نہ کریں،سب یکجا ہو کرمدد کے لیے آگے بڑھیں، دو ارب سے ذیادہ پاکستانیوں نے نقد امداد ہمیں پہنچائی جبکہ پہلے مرحلے میں لوگوں کو ہم نے ریسکیو کیا، دوسرے مرحلے میں لوگوں کو گھروں میں مقیم کروانا ہے اور یہ سب سے مشکل مرحلہ ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ الخدمت فائونڈیشن کے لاکھوں رضاکار تمام سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہمہ وقت موجود ییں جبکہ ڈاکٹرز اور عام آدمی الخدمت فاؤنڈیشن کے توسط سے اپنے لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں۔
سراج الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے بھی بہت مشکور ہیں، امریکہ اور کینیڈا کے لوگوں نے بہت کم وقت میں ایک ملین ڈالر بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، متاثرین کو ان کے گھروں میں منتقل کرنے تک جدوجہد جاری رہے گی جبکہ تمام متاثرین کو یقین دلاتے ہیں جماعت اسلامی آپ کی خدمت جاری رکھے گی۔