سیلاب زدگان سے اظہار یکجہتی کےلئے مریم نواز نے متاثرہ علاقوں کے دورے کا اعلان کر دیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کل 29 اگست سے جنوبی پنجاب کا دورہ کریں گی۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق مریم نواز کل 9 بجے لاہور ائیر پورٹ سے ملتان روانہ ہوں گی، ان کا ملتان ائیر پورٹ پر بھرپور استقبال کیاجائے گا۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز پہلا دورہ ملتان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے شروع کریں گی، ملتان کے بعد تونسہ شریف جائیں گی۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق مریم نواز راجن پور کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گی۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر اپنے دورہ کے دوران ملتان کے مرکزی رہنماؤں اور قائدین سے ملاقاتیں بھی کریں گی۔
سیلاب کی تباہ کاریاں: ہلاکتوں کی تعداد 1030 سے تجاوز کرگئی
ملک بھر میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 119 افراد جاں بحق جبکہ 70 سے زائد زخمی ہوئے۔
ملک بھر میں مسلسل بارشوں کے بعد سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 1030 سے تجاوز کرگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سندھ میں 74، خیبر پختونخوا میں 31، پنجاب میں 1، بلوچستان میں 4، گلگت بلتستان 6 اور آزاد کشمیر میں بھی 1 شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق بارشوں کے بعد سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں میں 32 بچے 56 مرد 9 خواتین شامل ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 57 لاکھ 73 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب کے سبب 9 لاکھ 49 ہزار گھر ،7 لاکھ 19 ہزار سے زائد لائف اسٹاک سیلاب کی نظر ہوئے، 2 لاکھ 67 ہزار 719گھر ملیا میٹ، 3 ہزار 116 کلومیٹر شاہراہیں، 149 پُل سیلاب میں بہہ گئے۔
سندھ میں 49 لاکھ، پنجاب میں 4 لاکھ 50 ہزار، بلوچستان میں 3 لاکھ 60 ہزار افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔
سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیوں جاری
ملک کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے، متاثرین میں 5487 راشن کے پیکٹ اور 1200 سے زائد خیمے تقسیم کیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملک بھر میں 117 ریلیف کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں، آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ ہیڈ کوارٹرز میں فلڈ ریلیف سینٹر قائم کیا گیا ہے، سینٹر کا مقصد فلڈ ریلیف اقدامات کو کوآرڈنیٹ کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اب تک 25 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے، آرمی فلڈ ریلیف کورڈینیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے، ملک بھر میں امداد کلیکشن پوائنٹس قائم کیے جا رہے ہیں۔
آرمی چیف آج سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرینگے
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ آج سندھ کےسیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرینگے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کو سندھ میں سیلابی صورتحال اور امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی جائے گی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ امدادی کاموں میں مصروف جوانوں سے ملاقات بھی کرینگے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے 212 ریلیف کلیکشن پوائنٹ قائم کردیئے، سندھ میں 81، پنجاب میں 73، بلوچستان میں 41 اور کے پی میں 17 مراکز قائم کیے گئےہیں۔