طویل انتظار کے بعد بالآخر ہولی وڈ کی لیڈی سائنس فکشن فلم ’ونڈر وومن 1984‘ کا دوسرا ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔ ’ونڈر وومن 1984‘ کا پہلا ٹریلر گزشتہ برس دسمبر میں ریلیز کیا گیا تھا، جس کے ساتھ ہی فلم کو رواں برس جون میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر ’ونڈر وومن 1984‘ کو اکتوبر 2019 میں ریلیز کرنے کا عندیہ دیا گیا گیا تھا لیکن بعد ازاں پروڈکشن ہاؤس وارنر برادرز نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر فلم کو جون 2020 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن پھر دنیا بھر میں کورونا کی وبا پھیلنے کے باعث ایک بار پھر ’ونڈر وومن 1984‘ کی ریلیز کی تاریخ تبدیل کرکے اسے اگست 2020 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
گال گدوت ’ونڈر وومن 1984‘ میں اپنی 2017 کی فلم ’ونڈر وومن‘ کا سیکوئل اور اس میں اسرائیلی نژاد امریکی اداکارہ اپنے کردار ڈیانا کو ادا کرتی دکھائی دیں گی۔ نئی فلم میں 47 سالہ اداکارہ کرسٹین وگ کو بھی سپر ولن لیڈی کے طور پر دکھایا گیا ہے جو فلم میں سپر لیڈی ہیرو کو تنگ کرتی دکھائی دیں گی۔ ٹریلر سے اگرچہ فلم کی کہانی کا اندازہ لگانا مشکل ہے، تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ اس بار شائقین گال گدوت کو نہ صرف ایکشن میں دیکھیں گے بلکہ اس بار وہ انہیں ایک عام خاتون کی طرح رومانس کرتے ہوئے بھی دیکھ سکیں گے۔ ’ونڈر وومن 1984‘ کی ہدایات پیٹی جینکسن دی ہیں، جنہوں نے پہلی فلم کی ہدایات بھی دی تھیں۔ خیال رہے کہ گال گدوت کی پہلی ’ونڈر وومن‘ فلم جون 2017 میں ریلیز کی گئی تھی اور ان کی فلم نے دنیا بھر میں ریکارڈ کمائی کی تھی۔