احسن اقبال نے کہا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے درجنوں علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ایک تہائی پاکستان سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہوا جبکہ 33 ملین لوگ شدید متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے درجنوں علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، ہمارے لاکھوں اہل وطن ابھی بھی بے گھر ہیں۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ سردیوں سے پہلے پہلے ہمیں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو کمبل اور لحاف پہنچانے چاہئیں، قوم سے اپیل ہے کہ این ڈی ایم اے کے ذریعے یا ذاتی طور پر وہ اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد کریں۔
واضھ رہے گزشتہ روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا تھا کہ نواز شریف کو جب ان کے ڈاکٹر اجازت دیں گے تو وہ پاکستان واپس آئیں گے، وہ بھی وطن واپس آنے کے کئے بے قرار ہیں، ہم سب دعاگو ہیں کہ نواز شریف جلد از جلد ہمارے درمیان آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز عدالت سے ویسے ہی سرخرو ہو کر گئی ہیں جس طرح عدالت نے مجھے سرخرو کیا ہے جبکہ مجھے بھی عدالت نے کسی نئے قانون کے تحت سرخرو نہیں کیا بلکہ پرانے قانون کے تحت ہی سرخرو کیا ہے۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز کو بھی عدالت نے نئے قانون کے تحت بری نہیں کیا بلکہ اس کیس کی ریفرنس کے میرٹ پر بری کیا جبکہ مریم نواز کے اس کیس کے ساتھ ہی نواز شریف صاحب کے مقدمے کا بھی تقریبا فیصلہ ہو گیا ہے۔