بھارت کی انسداد منشیات فورس نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے رواں برس 14 جون کو خودکشی کرنے والے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکربورتی کو گرفتار کرلیا۔
ریا چکربورتی کو ایک ایسے وقت میں گرفتار کیا گیا جب ایک دن قبل ہی انہوں نے نارکوٹکس بیورو کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ وہ سشانت سنگھ کے لیے منشیات خریدتی رہی ہیں۔
ریا چکربورتی اعتراف کر چکی ہیں کہ وہ سشانت سنگھ کے ساتھ ‘لِو اِن ریلیشن شپ’ میں تھیں اور وہ گزشتہ ایک سال سے ساتھ تھے۔
لِو اِن ریلیشن شپ’ بھارت میں قانونی ہے، اس کے تحت کوئی بھی بالغ مرد اور عورت ایک ساتھ شادی کیے بغیر اپنی جنسی ضروریات پوری کرتے ہیں اور وہ ایک دوسرے کی رضامندی کے ساتھ بچے بھی پیدا کرسکتے ہیں، اس معاہدے کے تحت جوڑے کبھی بھی الگ ہوسکتے ہیں اور علیحدگی پر دونوں ایک دوسرے کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کر سکتے۔
اداکارہ سے قبل ان کے بھائی شووک چکربورتی اور سشانت سنگھ راجپوت کے منیجر سیموئل مرنڈا اور باورچی دیپیش ساونت کو بھی رواں ماہ 4 اور 5 ستمبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ایک روز قبل ہی نارکوٹکس فورس نے ریا چکربوتی سے 8 گھنٹے تک گرفتار کیے گئے بھائی، سشانت سنگھ کے منیجر اور باورچی کے سامنے پوچھ گچھ کی تھی اور اداکارہ نے اعتراف کیا تھا کہ وہ خودکشی کرنے والے اداکار کے لیے منشیات خریدتی رہتی تھیں۔
ریا چکربورتی کے اعتراف اور ان سے مسلسل تین دن تک تفتیش کیے جانے کے بعد 8 ستمبر کی سہ پہر کو نارکوٹکس بیورو نے انہیں اداکار کے لیے منشیات خریدنے کے الزام میں گرفتار کیا۔
نارکوٹکس بیورو نے ریا چکربورتی کو 8 ستمبر کو منشیات خریدنے کے الزام میں گرفتار کیا اور ان کی گرفتاری کے ساتھ ہی مذکورہ کیس میں گرفتار ہونے والے افراد کی تعداد 10 ہوگئی۔
نارکوٹکس بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر کا ریا چکربورتی کی گرفتاری کے حوالے سے کہنا تھا کہ ان کی گرفتاری کا مطلب یہ ہے کہ ان کے خلاف ہمارے پاس ٹھوس اور مطلوبہ شواہد موجود ہیں اور اب ان سے مزید کوئی تفتیش نہیں کی جائے گی۔
نارکوٹکس بیورو کے مطابق اداکارہ سے تین دن تک تفتیش کے دوران تمام سوالوں کے جوابات مل گئے، جس کے بعد ہی انہیں گرفتار کیا گیا۔
دوسری جانب انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نارکوٹکس بیورو نے ریا چکربورتی کا 14 دن کا عدالتی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق نارکوٹکس بیورو نے عدالت سے 22 ستمبر تک اداکارہ کا عدالتی ریمانڈ حاصل کیا اور ریمانڈ کی درخواست میں بتایا گیا تھا کہ اداکارہ، سشانت سنگھ کے لیے منشیات خریدنے اور اس کی رقم ادا کرنے میں ملوث پائی گئیں اور ساتھ ہی اس بات کے بھی شواہد موجود ہیں کہ وہ منشیات خریدنے والے گروہ کا اہم حصہ رہی ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق اداکارہ کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا اور ان کی گرفتاری کے کچھ ہی دیر بعد اداکارہ کے وکیل نے ان کی ضمانت کے لیے عدالت سے بھی رجوع کیا مگر عدالت نے اداکارہ کو ریمانڈ پر نارکوٹکس فورس کے حوالے کردیا۔
رپورٹ کے مطابق ریا چکربورتی کے خلاف ریمانڈ کی درخواست میں اس بات کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا تھا کہ اداکارہ خود بھی منشیات لیتی تھیں۔
ریمانڈ کے لیے عدالت سے رجوع کرنے سے قبل نارکوٹکس حکام نے ریا چکربورتی کا طبی معائنہ بھی کرایا۔
ریا چکربورتی کی گرفتاری ٹوئٹر پر بھی ٹاپ ٹرینڈ بن گئی جب کہ بھارتی میڈیا میں ان کی گرفتاری شہ سرخی کے طور پر شائع ہوئی۔
ریا چکربورتی کی گرفتاری پر بھارتی عوام اور شخصیات منقسم دکھائی دیں، کئی شخصیات نے ان کی گرفتاری کو سشانت سنگھ کیس کی پہلی کامیابی قرار دیا جب کہ کئی افراد نے ان کی گرفتاری کو جلد بازی قرار دیا۔
ریا چکربوتی کے وکلا نے بھی ان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی تین اہم ایجنسیاں سینٹرل بیورو آف انٹیلی جنس (سی بی آئی)، نارکوٹکس بیورو اور اینٹی منی لانڈرنگ ایجنسی ایک لڑکی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں۔