وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے رجب طیب اردوان ٹرسٹ اور انڈس ہسپتال کے وفد نے ملاقات کی جس میں پرویز الٰہی نے میانوالی اورتلہ گنگ کے ہسپتالوں کو رجب طیب اردوان ٹرسٹ/انڈس ہسپتال کے سپرد کرنے کی منظوری دی۔
میانوالی کے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی آپریشنل مینجمنٹ رجب طیب اردوان ٹرسٹ کے سپرد کر دی گئی ہے جبکہ تلہ گنگ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور چودھری پرویز الٰہی ہسپتال کے انتظامات بھی رجب طیب اردوان ٹرسٹ کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔
چیئرمین رجب طیب اردوان ٹرسٹ میاں احسن نے میانوالی ہسپتال کو جلد از جلد آپریشنل کرنے کی یقین دہانی کی ہے۔
چودھری پرویز الٰہی کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ میانوالی مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کو انڈس ہسپتال ماڈل پر چلایا جائے گا، انڈس ہسپتال انتظامیہ تلہ گنگ ٹی ایچ کیو اور چودھری پرویز الٰہی ہسپتال کی آپریشنل مینجمنٹ کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میانوالی مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اور نرسنگ کالج انڈس ہسپتال و ہیلتھ نیٹ ورک کی اشتراک سے آپریشنل کیا جائیگا، صوبے کے عوام کو نجی شعبے کے اشتراک سے صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر یاسمین راشد، ایم پی اے حافظ عماریاسر، راسخ الہی، سابق پرنسپل سیکرٹری جی ایم سکندر، سابق صدر بینک آف پنجاب ہمیش خان اور متعلقہ حکام اس موقعے پر موجود تھے۔
رجب طیب اردوان ٹرسٹ کے چیئرمین میاں محمد احسن، انڈس ہسپتال ہیلتھ نیٹ ورک کے چیئرمین عبدالکریم پراچہ، صدر ڈاکٹر عبدالباری خان، سی ای او نارتھ ڈاکٹر تسمان، مارکیٹنگ ہیڈ سلمان حامد وفد میں شامل تھے۔