بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سانحہ کارساز کے شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ کارساز کے شہداء کی برسی پر ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سیاسی تاریخ میں سیاسی کارکنان کی ایسی قربانی کی مثال نہیں ملتی، پیپلزپارٹی کی قیادت اور جیالوں نے جمہوریت کی خاطر اپنی جانوں کے نزرانے پیش کئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جیالے شہداء کی بہادری اور وفاداری کی دنیا میں مثال نہیں ملتی، جیالوں نے اپنی بہن اور عظیم قائد شہید بی بی کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں تک کی پرواہ نہیں کی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ظالم دہشتگردوں نے اٹھارہ اکتوبر کو دو سو کے قریب جیالوں کو خون میں نہلا دیا مگر انہیں جھکا نہیں سکے۔
ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی مضبوطی کے لئے جدوجہد کی ہے جبکہ جیالے آج بھی جمہوریت اور ملکی سالمیت و بقاء کا عہد کرتے ہیں۔