اسلام آباد: سارہ انعام قتل کیس میں مرکزی ملزم شاہ نواز کی والدہ ثمینہ شاہ کو گرفتار کر لیا گیا۔
اسلام آباد پولیس نے ضمانت خارج ہونے پر ثمینہ شاہ کو گرفتار کیا، ایڈیشل سیشن جج شیخ سہیل نے مرکزی ملزم کی والدہ کی ضمانت خارج کی۔
اس سے قبل ملزم شاہ نواز کی والدہ ثمینہ شاہ کی عبوری ضمانت میں 19 اکتوبر تک توسیع کی گئی تھی۔
سارہ قتل کیس
خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے 23 ستمبر کو ایاز امیر کے بیٹے کو اپنی کینیڈین شہری بیوی کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا جس کے ایک روز بعد اس کیس میں معروف صحافی کو بھی گرفتار کرلیا گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ 22 ستمبر کی رات کسی تنازع پر جوڑے کے درمیان سخت جھگڑا ہوا تھا، بعد ازاں جمعہ کی صبح دونوں میں دوبارہ جھگڑا ہوا جس کے دوران ملزم نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر سر پر ڈمبل مارا۔
اس کے نتیجے میں خاتون کو گہرا زخم آیا اور وہ بےہوش ہوکر فرش پر گر گئیں، تاحال اس بات کا تعین نہیں ہوسکا کہ خاتون کی موت سر پر چوٹ لگنے سے ہوئی یا ڈوبنے سے ہوئی کیونکہ سر پر چوٹ کے بعد وہ باتھ ٹب میں گری تھیں اور ملزم نے پانی کا نل کھول دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سارہ انعام قتل کیس، ملزم شاہنواز امیر کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور