ریڈیو پاکستان سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موثر کردار ادا کر رہا ہے، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ  ریڈیو پاکستان سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اپنا موثر کردار ادا کر رہا ہے۔

سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے  ریڈیو پاکستان کی انتظامیہ کو ہدایت  کرتے ہوئے اس امر کو سراہا کہ قومی ادارہ سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی سے متعلق جاری امدادی سرگرمیوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا ریڈیو پاکستان اس وقت ملک کا واحد نشریاتی نیٹ ورک ہے جو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے اپنا موثر کردار ادا کر رہا ہے۔

 مریم اورنگزیب نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرہ خاندانوں کو فوری معاونت اور مدد فراہم کرنے کے لیے ریڈیو پاکستان کی انتظامیہ کی جانب سے خصوصی نشریات شروع کرنے کے اقدام کو بھی سراہا اور اس ضمن میں کوششیں مزید تیز کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے ریڈیو پاکستان کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور متاثرین کی مدد وبحالی کے لیے سرگرم امدادی اداروں بشمول ضلعی انتظامیہ اور ضلعی فلڈ کنٹرول رومز کے درمیان باہمی رابطوں کو مزید موثر بنانے کے لیے اسٹوڈیوز میں جدید خطوط پر لائیو کالز کا نظام بھی وضع کریں   جہاں امدادی اداروں کے نمائندے متاثرین کی براہ راست کالز اور پیغامات سن کر انہیں بہتر انداز میں رہنمائی فراہم کریں۔

مریم اورنگزیب نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)  کے حکام پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے نمائندوں کو متعلقہ ریڈیو اسٹیشنز پر بھجوائیں جہاں وہ سیلاب متاثرین کی براہ راست کالز اور پیغام سن کر انہیں رہنمائی فراہم کریں۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی ہدایت پر سیلاب زدگان  کی فوری امداد اور بحالی کے لیے جاری امدادی سرگرمیوں میں اپنا موثر اور بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے ریڈیو پاکستان اور اس کے ماتحت سٹیشنوں میں فلڈ ریلیف سیل قائم کر دیئے گئے ہیں۔

Best Car Accident Lawyer