دوسرا ٹیسٹ: پچ اور میچ کی معلومات فراہم کرنے والا بکی گرفتار

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں پچ اور میچ کی معلومات فراہم کرنے والے بکی کو گرفتار کر لیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے بروقت کارروائی کر کے ٹیسٹ میچ میں بکی کی سرگرمیوں کو ناکام بنا دیا۔

پی سی بی نے بکی کے پکڑے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پکڑے گئے بکی کا گراؤنڈ کے لیے ڈی جے کا کارڈ بنا ہوا تھا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ مشتبہ شخص راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پچ اور میچ کے حوالے سے معلومات فراہم کر رہا تھا۔

بورڈ کے مطابق ٹیلیفون پرمیچ کی معلومات دینے پر بکی کو پکڑ کر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے) کی تحویل میں دے دیا گیا ہے اور مشتبہ شخص کے موبائل فون کا ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن بکی کو گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بلال نامی بکی ڈی جے کا کارڈ استعمال کر کے گراؤنڈ کے اندر آیا تھا اور اسے گرفتار کرنے کے بعد ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ بکی کا تعلق متحدہ عرب امارات سے ہے اور بلال نامی بکی سے مزید تفتیش جاری ہے۔