آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں دوست ممالک کے تعاون سے سیلاب متاثرین کی بحالی میں مدد ملے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں دو طرفہ امور اور خطے کی سلامتی سمیت باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی اور برطانوی ہائی کمشنر نے سیلاب سے ہونیوالے نقصانات پر اظہار افسوس کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اس موقع پر برطانوی ہائی کمیشنر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کی، انہوں نے مصیبت کی اس گھڑی میں برطانیہ کی حمایت کی پیشکش بھی کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ برطانوی ہائی کمشنر نے علاقائی استحکام کے لئے پاکستان کے کردار کو سراہا اور ہر سطح پر باہمی تعاون بڑھانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے برطانوی حمایت اور تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک کے تعاون سے سیلاب متاثرین کی بحالی میں مدد ملے گی۔