آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ تمام پولیس افسران تجربہ کار ہیں ، دباؤ ہو یا نہ ہو وہ کام کرنے کے پابند ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس واٹس ایپ سروس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے صحافی کے 25 مئی کے اقدامات اور کارروائیوں کے متعلق کیے جانے والے سوال کے جواب میں کہا کہ جو ہوگا قانون کے مطابق ہوگا ، قانون سے باہر کچھ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس دباؤ برداشت کرنے کی عادی ہے، ہم پر عوامی دباؤ بھی آتا ہے لیکن ہم قانون کو ہی فالو کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 25 مئی کے حوالے سے حکومت کی جانب سے خلاف قانون کوئی ہدایات نہیں ملیں ہیں، و بھی مقدمات یا کارروائی کی جارہی ہے وہ قانون کے مطابق ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس نے شہریوں کو خدمات کی فوری فراہمی کیلئے واٹس ایپ سروس شروع کی ہے جس کے استعمال سے شہریوں کو کسی دفتر جانے کی ضرورت نہیں بلکہ گھر بیٹھے اپنے موبائل سے ہی پولیس سروسز تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس نے دونوں سروسز کے قیام اور اغراض و مقاصد بارے میڈیا کو بتایا اور کہا کہ شہری شکایات درج کرا کے نہ صرف ای ٹیک نمبر حاصل کر سکتے ہیں بلکہ شکایات پر ہونے والی کارروائی بارے اپ ڈیٹ بھی لے سکتے ہیں۔