فرخ حبیب نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ نے دہشتگردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عطاءاللہ تارڑ کی گفتگو پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف فرخ حبیب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ کے درباری چوری کو تحفظ دینے کی خاطر کسی بھی حد تک گر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عطاءاللہ تارڑ گرفتاری کے ڈر سے پنجاب سے فرار ہوا اور اب وفاق میں پناہ گزین ہے، جب ملک کا وزیر داخلہ ہی ایک مجرم شخص ہو تو امن و امان کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ نے دہشتگردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں جبکہ خیبرپختونخواہ پولیس نے بھی ہمیشہ جواں مردی سے امن کے نفاذ کی خاطر کام کیا ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ جھوٹے لیگی ترجمان خیبرپختونخواہ کے عوام سے تحریک انصاف کی کارکردگی کے بارے میں پوچھیں تو حقیقت اشکار ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ رجیم چینج آپریشن کے بعد عوام میں عمران خان کی جڑیں مزید مضبوط ہوئیں، سائفر کی موجودگی کو مان کر بیرونی سازش کے بیانیے کو امپورٹڈ حکومت نے خود بھی تسلیم کر لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام جانتے ہیں کہ ہارس ٹریڈنگ کے خلاف صرف تحریک انصاف میدان عمل میں کھڑی ہے جبکہ جھوٹوں کی پٹاری سے فراڈ اور مکر کے علاوہ کبھی کچھ نہیں نکلے گا۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ سندھ ہاؤس میں ضمیروں کے سودا گروں نے منڈی لگائی اور ملک کو نقصان پہنچایا،چور دروازوں سے ملک پر مسلط ہونے والے کبھی بھی عوامی مسائل پر توجہ نہیں دینگے۔
انہوں نے کہا کہ این آر او 2 کے متلاشیوں کی تمام خواہشات کو پورا کر کے ملک کو تباہ کیا جا رہا ہے، ڈاکوؤں کے گلدستے کا عوامی احتساب ہو کر رہے گا، فراڈ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف فرخ حبیب نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام عمران خان کی پکار پر نکلیں گے اور تمام مظالم کا حساب لیں گے، مکر و فریب، دھوکے اور چوری کے شیدائیوں کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔