پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی ساری توجہ عمران خان کیخلاف دہشتگردی کے مقدمے درج کرنے پر مرکوز ہے۔
سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس وقت مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں، افراط زر کی شرح 42 فیصد کو چھورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ بجلی کے بل ادا نہیں کر پا رہے، دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں کمی آئی لیکن ہماری وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت 6 روپے فی لیٹر مزید بڑھا دی، 244 روپے فی لیٹر، قیمت پر ڈیزل خرید کر، زراعت کو جاری رکھنا ناممکن ہو چکا ہے۔
‘مہنگائی کیخلاف مل کر آواز اٹھانا ہوگی’
سابق وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ کسانوں میں سکت نہیں رہی کہ وہ ٹیوب ویل کے بلوں کی ادائیگی کر سکیں، تنخواہ دار طبقے، ایپیکا سمیت مختلف تنظیموں اور متاثرین کو اس ہوش ربا مہنگائی کے خلاف مل کر آواز اٹھانا ہو گی۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ اس ضمن میں مختلف تنظیموں نے ہمارے ساتھ رابطہ بھی کیا ہے، ستم ظریفی یہ ہے کہ وفاقی حکومت کو عوام کی مشکلات کے ازالے میں کوئی دلچسپی نہیں۔
‘ہمیں سوچنا ہوگا کہ کیا کوئی فرد یا ادارہ قانون سے بالاتر ہے؟’
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ساری توجہ عمران خان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمے درج کرنے پر مرکوز ہے، ظلم کی انتہا دیکھیے کہ ان ایف آئی آرز کے اندراج کی وجہ یہ ہے کہ عمران خان نے ان حضرات کو قانون کے دائرے میں لا کر کارروائی کرنے کا کیوں کہا، ہمیں سوچنا ہوگا کہ کیا کوئی فرد یا ادارہ قانون سے بالاتر ہے؟
‘اس وقت مہنگائی نے عوام کا جینا دو بھر کردیا’
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس وقت مہنگائی نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے، جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ تین نشستوں پر ضمنی انتخابات 11 ستمبر کو اور 9 نشستوں پر انتخابات 25 ستمبر کو ہونے جا رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ میری تمام احباب سے گزارش ہوگی کہ بلے پر مہر لگا کر اس وفاقی حکومت کو ہوش ربا مہنگائی کے خلاف واضح پیغام دیں۔