تنویر الیاس نے کہا ہے کہ حکومت کی ذمے داری ہوتی ہے کہ وہ الیکشن کو پرامن طریقے سے کروائے۔
تفصیلا ت کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے پیپلزپارٹی سمیت تمام جماعتیں متفق تھیں کہ الیکشن ہونے چاہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمے داری ہوتی ہے کہ وہ الیکشن کو پرامن طریقے سے کروائے، ہمیں طے کرنا تھا کہ خواتین اور یوتھ کی نشستیں کتنی ہوں گی۔
سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ عید سے پہلے ہم آزاد کشمیر میں بلدیاتی الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن کو 32کروڑ روپے دے چکے ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وفاق کی طرف سے آزاد کشمیر حکومت کو 3.6 گرانٹ ملتی ہے، وفاق کی طرف سے آزادکشمیر حکومت کو اس کے 73 ارب روپے نہیں دیئے جارہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وفاق کی طرف سے ترقیاتی منصوبوں پر کتنے روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، ہمیں کچھ ملے تو اس کو ہم ادھر خرچ کریں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں وفاق کی جانب سے دوسری اور تیسری قسط نہیں دی گئی، وفاق کی طرف سے اگر پہلے بتا دیا جاتا تو ہم اپنے پیسے خرچ نہ کرتے۔