حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، قمر زمان کائرہ

قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان میں سیلابی صورت حال ہے، سیلابی صورت حال کے پہلے دن سے ہی حکومت عوام کے ساتھ ان کی مدد کیلئے حاضر ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف پاکستان کے کونے کونے پہنچ کر عوام کی خبر گیری کر رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم  شہباز شریف نے گلگت بلتستان کا خصوصی  دورہ کیا جبکہ وزیر اعظم نے بوبر گاؤں میں جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے 24 گھنٹے کے اندر معاوضہ دینے کا وعدہ کیا، وزیر اعظم کا وعدہ پورا کرنے کیلئے میں آپ کے سامنے حاضر ہوں۔

مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، تمام متاثرین اپنے گھروں تک منتقل نہیں ہوتے تب تک ہم چین سے نہیں بیٹھے گے، سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے جبکہ سیلاب متاثرہ لوگوں کی خدمت کرنا عبادت ہے، صوبے میں ہماری حکومت ہو یا نا ہوں لوگ ہمارے ہیں ہم نے اپنے عوام کے ساتھ جینا مرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے تمام صوبوں کے وزیر اعلی کو سیلاب کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی، افسوس سے اس اہم اجلاس میں کے پی کے اور جی بی کے وزیر اعلی نے شرکت نہیں کی اور اس طرح کے حالات میں پارٹی بازی نہیں کرنا چاہیے۔

قمر زمان کائرہ نے یہ بھی کہا کہ ہمارے سامنے صرف اور صرف سیلاب سے متاثرہ عوام ہیں، وفاقی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کا سروے گلگت بلتستان سے شروع کیا جبکہ ضلع غذر کے چھ پلوں کو تعمیر کرنے کیلئے وزیر اعظم نے خصوصی ہدایت کی، این ایچ اے کی ٹیکنکل ٹیم پہنچ گئی ہے، بہت جلد پلوں کی تعمیر کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلابی پانی کے چینلز کو ٹھیک کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دی گئی ہیں، سروے کے مطابق متاثرین کو معاوضہ دیا جائے گا۔

مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان نے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے 3ارب روپے کا اعلان کیا ہے، ضرورت پڑھنے پر مزید فنڈز بھی دیئے جائیں گے۔

Best Car Accident Lawyer