پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ حلیم عادل کو جیل حکام کی جانب سے طبی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہی۔
تفصیلات کے مطابق خرم شیر زمان نے سندھ اسمبلی کے اسپیکر کو خط لکھا جس میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی صحت کے حوالے سے گہری تشویش ہے۔
خط میں انہوں نے لکھا کہ حلیم عادل شیخ کی ٹانگ میں موجود پلٹ کا زخم دن بدن خراب ہوتا جا رہا ہے، جج کے حکم کے باوجود پولیس عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کر رہی، حلیم عادل شیخ کو بہترین طبی سہولیات کی ضرورت ہے۔
خرم شیر زمان نے خط میں لکھا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی صحت کے معاملات پر فوری نوٹس لیں۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو اینٹی کرپشن جامشورو نے گرفتار کیا تھا۔
حلیم عادل شیخ اینٹی کرپشن جامشورو میں دائر مقدمے کے حوالے سے پیش ہوئے تھے، ان کو جامشورو میں پیشی کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
حلیم عادل شیخ اینٹی کرپشن جامشورو میں اپنے مقدمے کی سماعت پر پہنچے تھے، اینٹی کرپشن ڈائریکٹر ذیشان میمن کی جانب سے حلیم عادل شیخ کو گرفتار کیا گیا تھا، گرفتاری کے بعد حلیم عادل شیخ کو نامعلوم جگہ پر منتقل کیا گیا تھا۔