احسن اقبال نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کی اصلیت قوم کے سامنے آچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج 12 ربیع الاول ہے اور پوری قوم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ولادت کے دن کو انتہائی عقیدت واحترام سے منا رہی ہے، یہ دن پوری اسلامی دنیا کے لئے ایک بہت ہی خوشیوں کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو جب ان کے ڈاکٹر اجازت دیں گے تو وہ پاکستان واپس آئیں گے، وہ بھی وطن واپس آنے کے کئے بے قرار ہیں، ہم سب دعاگو ہیں کہ نواز شریف جلد از جلد ہمارے درمیان آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز عدالت سے ویسے ہی سرخرو ہو کر گئی ہیں جس طرح عدالت نے مجھے سرخرو کیا ہے جبکہ مجھے بھی عدالت نے کسی نئے قانون کے تحت سرخرو نہیں کیا بلکہ پرانے قانون کے تحت ہی سرخرو کیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ مریم نواز کو بھی عدالت نے نئے قانون کے تحت بری نہیں کیا بلکہ اس کیس کی ریفرنس کے میرٹ پر بری کیا جبکہ مریم نواز کے اس کیس کے ساتھ ہی نواز شریف صاحب کے مقدمے کا بھی تقریبا فیصلہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز بے گناہ ہیں تو پھر نواز شریف کے گناہ گار ہونے کی کوئی دلیل نہیں ہو سکتی، بنیاد ہی نہیں رہی تو نواز شریف کیسے گناہ گار ہوں گے۔
وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے کہا کہ آج اللہ تعالی کے فضل و کرم سے مسلم لیگ (ن) جھوٹے مقدموں سے سرخرو ہو رہی ہے، نواز شریف کسی این آر او کے تحت نہیں آئیں گے بلکہ ان کے بنائے ہوئے جھوٹے مقدموں کے ایکسپوز اور کریش ہونے سے واپس آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اب وہ جھوٹے مقدمے جن کے اوپر بڑی سازش تیار کی گئی تھی جس سے عمران خان نے عوام کو دھوکہ دیا کہ میرے پیچھے لگ جاؤ کیونکہ میں پتہ نہیں کونسی حقیقی آزادی دوں گا، حقیقی آزادی کی اصلیت قوم کے سامنے آ گئی ہے۔
وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران نیازی تمھارا ذہن غلام ہو سکتا ہے لیکن پاکستانی قوم غلام نہیں ہو سکتی ہے کیونکہ جو ملک ایٹمی طاقت ہوتا ہے وہ غلام نہیں ہو سکتا ہے۔