سراج الحق نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی صرف اسلامی نظام میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم عالمی اسٹیبلیشمنٹ کے مہرے ہیں یہ صرف انہی کے حکم کی پاسداری کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ اور موجودہ حکمران امریکی غلامی کرتے ہیں جبکہ عوام صرف اللہ کے سامنے جھکنے پر یقین رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی پاکستان ہی ملک کی آزادی و سالمیت کا محافظ ہے، امریکی صدر کی طرف سے پاکستان کے محفوظ ایٹمی پروگرام کوغیر محفوظ قراردینا قابل مذمت ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ حکومت امریکہ کے معافی مانگنے تک امریکی سفیرکوملک بدرکرنے کا اعلان کرے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی اور آئی ایم ایف کی غلامی کا نتیجہ ہے کہ آج 22 کروڑعوام پریشان ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی 30 اکتوبر کو ملک بھرسے نوجوانوں کو مینار پاکستان پر اکٹھا کر رہی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اب واحد آپشن ہے جو ملک کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنا سکتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ہمارا ملک اور عوام آزاد نہیں ہیں بلکہ حقیقی آزادی صرف اسلامی نظام میں ہے۔