جہلم؛ باراتیوں کی بس الٹ گئی، 17 افراد زخمی

جہلم میں باراتیوں کی بس الٹ گئی جس کے باعث 17 افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ جہلم میں نگلا ٹول پلازہ کے قریب پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 17 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری میں موڑ کاٹنے کی وجہ سے پیش آیا،

ریسکیو کا کہنا ہے کہ بارات میرپور سے واپس گوجرخان جا رہی تھی، زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ زخمیوں  میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھرمیں ٹریفک حادثے انسانی جانوں کے لیے ایک بڑے خطرے کے طور پر سامنے آ رہے ہیں، عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال لاکھوں افراد ٹریفک حادثات کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

ایک عالمی تحقیقاتی ادارے کے مطابق پاکستان میں ہلاکتوں کا باعث بننے والے پچاس عوامل اور بیماریوں میں ٹریفک حادثات پندرہویں نمبر پر ہیں۔

پاکستان میں ایڈز، ناقص خوراک، مرگی، تشدد کئی قسم کے سرطان اور خود کشیوں کی وجہ سے انفرادی طور پر ہونے والی اموات سے ٹریفک حادثات میں مرنے والے لوگوں کی تعداد زیادہ ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ ٹریفک حادثات موٹر سائیکل سواروں، آٹو رکشا والوں اور موٹر کاروں اور وینز چلانے والوں کو پیش آئے اس کے بعد بسوں اور ٹرکوں کے حادثات رپورٹ ہوئے ہیں۔

Best Car Accident Lawyer