جن ڈونرز نے پی ٹی آئی کو فنڈز دیئے انکو ایف آئی اے کے نوٹسز بھیجے جارہے ہیں، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جن ڈونرز نے پی ٹی آئی کو فنڈز دیئے انکو ایف آئی اے کے نوٹسز بھیجے جارہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ ایک طرف امپورٹڈ حکومت کے چمچے چیخ رہے ہیں سیلاب آ گیا ہے سیاست نہ کریں اور دوسری طرف جن ڈونرز نے پی ٹی آئی کو 10 ہزار روپے بھی فنڈ کیا ہے ان کو ایف آئی اے کے نوٹسز بھیجے جا رہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت میں عمران خان کو نااہل قرار دینے کی خواہش مچل رہی ہے، اس تحریک کا حتمی مرحلہ ہے اب “انتخاب یا انقلاب”۔

واضح رہے اس سے قبل پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ چوروں کا پاکستان پر قبضہ ہے، آئین اور قانون جمہوریت کو تحفظ فراہم کرتا ہے، ہمیں اس مافیا کے خلاف اکھٹے ہو کر انصاف کا انقلاب لانا ہے۔

ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں

عمران خان نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، ملک میں انصاف کا نظام قائم ہونا چاہیے جہاں کمزور اور طاقتور کیلئے ایک قانون ہو۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کا مطلب انصاف ہے، طاقتور اور کمزرو کیلئے ایک ہی قانون ہونا چاہیے۔

جب تک بڑے ڈاکوؤں کو قانون کے نیچے نہیں لے آتے ملک نہیں بچ سکتا

ان کا کہنا تھا کہ 26 سال سے کرپشن کے خلاف جنگ لڑ رہا ہوں اور اب آپ کو جہاد کیلئے تیار کرنے آیا ہوں، جب تک بڑے ڈاکوؤں کو قانون کے نیچے نہیں لے آتے ملک نہیں بچ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر پیسے غریب ملکوں سے امیر ملکوں میں جاتے ہیں، ہر سال 1700 ارب ڈالر غریب ملکوں سے چوری ہو کر امیر ملکوں میں جاتا ہے، شہباز شریف اور ان کے بیٹوں کی 16 ارب کی چوری پکڑی گئی۔

میرا آئین مجھے پرامن احتجاج کرنے کا حق دیتا ہے

عمران خان نے کہا کہ ہمارے دور میں فضل الرحمان، بلاول اور مریم نے بھی لانگ مارچ کیا تھا، ہم نے تو کبھی کسی کو لانگ مارچ سے نہیں روکا، مریم کا لانگ مارچ کہیں راستے میں ہی لاپتہ ہو گیا تھا، میرا آئین مجھے پرامن احتجاج کرنے کا حق دیتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کیا ہمیں اتنا بھی حق نہیں تھا کہ ہم پر امن احتجاج کر سکیں؟ کبھی پولیس کو اس طرح بچوں اور خواتین پر شیلنگ کرتے نہیں دیکھا۔

Best Car Accident Lawyer