کراچی: جرمن کونسل خانے کی جانب سے بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں ایک ہزار خاندانوں کو دو ماہ تک مفت کھانا فراہم کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے جرمن قونصل خانے نے ہنگامی فوڈ ریلیف پروجیکٹ کا اعلان کیا ہے، جس کے لیے جرمن قونصل جنرل اور سی ای او بی آر ایس پی نے ایم او یو پر دستخط کیے ہیں۔
ہنگامی فوڈ ریلیف پروجیکٹ کے تحت ضلع لسبیلہ کے ایک ہزار خاندانوں کو دو ماہ تک مفت کھانا فراہم کیا جائے گا۔
جرمن قونصل جنرل ہولگر زیگلر کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کو فوری غذائیت کی ضرورت ہے، اس پروگرام سے سیلاب زدہ خاندانوں کی مدد ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ خوراک کی ضروریات پوری ہوں گی تو متاثرین دیگر مسائل پر توجہ دے سکیں گے۔ میرا دل سندھ اور بلوچستان کی عوام کے لئے دھڑکتا ہے۔
جرمن قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ میں اور میری اہلیہ اس مصیبت کی گھڑی میں سندھ اور بلوچستان کی عوام کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اور میری اہلیہ نے زیارت میں قائداعظم کی رہائش گاہ بھی دیکھی تھی جس نے دل میں جگہ بنائی ہے۔
اس موقع پر سی ای او بلوچستان رورل پروجیکٹ ڈاکٹر شاہ نواز نے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تباہی سے نمٹنے کے لیے حکومت اور فلاحی اداروں کو غیر ملکی امداد کی اشد ضرورت ہے۔