وزیر خزانہ خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو چیلنج کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق تیمور سلیم جھگڑا نے وزیر خزانہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ میں نے آئی ایم ایف کو خط لکھا ہے تو مفتاح اسماعیل اسے ثابت کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل آپ کو پتا ہونا چاہیے کہ میں نے آئی ایم ایف کو کوئی خط نہیں لکھا، آپ نے میرا خط ثابت کر دیا تو میں مستعفی ہو جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ثابت نہ کر سکے تو مفتاح اسماعیل آپ مستعفی ہوں گے، ویسے بھی پارٹی بھی آپ سے استعفیٰ چاہتی ہے۔
تیمور سلیم جھگڑا نے مزید کہا کہ میں اپنے صوبے اور اپنے ملک کے لیے لڑتا رہوں گا۔
دوسری جانب مفتاح اسماعیل نے تیمور سلیم خان جھگڑا سے ملاقات کی جس میں وزیر خزانہ نے جامع طور پر تیمور سلیم جھگڑا کے تمام خدشات کو دور کیا۔
ملاقات میں تیمور سلیم جھگڑا نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو نئے ضم ہونے والے اضلاع کے مالیات کے بارے میں بریفنگ دی۔
اس موقعے پر مفتاح اسماعیل نے وزیر خزانہ خیبرپختونخوا کو اپنی مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔