سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تیر کا نشان درحقیقت فتح کا نشان ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین آصف علی زرداری نے پارٹی امیدواروں علی موسیٰ گیلانی اور عبدالحکیم بلوچ کو بالترتیب ملتان اور کراچی سے ضمنی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری کی علی موسی گیلانی اور حکیم بلوچ کو مبارکباد
تیر کا نشان فتح کا نشان شاباش جیالو شاباش، آصف علی زرداری
ملتان والوں نے سیاسی خانہ بدوش سے حساب برابر کردیا ہے ،آصف علی زرداری @AAliZardari
— PPP (@MediaCellPPP) October 17, 2022
انہوں نے کہا کہ پارٹی کا نشان تیر درحقیقت جیت کا نشان ہے اور قومی اسمبلی میں دو جیالوں کا اضافہ باعث اطمینان ہے۔
سابق وزیر خارجہ اور پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو ’خانہ بدوش‘ قرار دیتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ملتان کے عوام نے ضمنی انتخاب میں سیاسی خانہ بدوش سے حساب برابر کردیا ہے ۔
انہوں نے تبصرہ کیا کہ میں ملتان اور ملیر، کراچی دونوں کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ووٹ دے کر ہم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ بن کر رہے گا یہ میرا وعدہ اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا منشور ہے۔
خیال رہے کہ این اے 157 ملتان کی نشست پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے علی موسیٰ گیلانی 107327 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں۔
کراچی کے حلقہ این اے 237 ملیر سے پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ 32 ہزار 567 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں۔