عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے بطور جماعت ہنگامی صورتحال میں ہمیشہ قومی خدمت کا فریضہ سرانجام دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیرِصدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں سیلاب متاثرین کے لئے عطیات جمع کرنے کے لئے ٹیلی تھون کے دوسرے مرحلے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں جمع شدہ عطیات کو مربوط اور شفاف طریقے سے سیلاب متاثرین تک منتقل کرنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا جبکہ چاروں صوبوں میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے تخمینے اور امداد کی تقسیم کے طریقہ کار پر بھی گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں عطیات کے انتظام اور امدادی سرگرمیوں کے موثر بندوبست کے لئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی سربراہی میں کمیٹی کی تشکیل پر بھی بات چیت کی گئی۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ نہایت سخاوت سے سیلاب متاثرین کے لئے عطیات دینے پر اہل پاکستان خصوصاً اوورسیز پاکستانیوں کا شکر گزار ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ ماحولیاتی تغیرات کے مہلک اثرات نمایاں ہو رہے ہیں ، تحریک انصاف نے بطور جماعت ہنگامی صورتحال میں ہمیشہ قومی خدمت کا فریضہ سرانجام دیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیلاب متاثرین کے لئے جمع ہونے والے عطیات کی نہایت شفافیت سے آفت زدہ پاکستانیوں کی بحالی پر خرچ کیا جائے گا۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تغیرات کے تباہ کن اثرات کے مستقل ازالے کے لئے بھرپور ریاستی وسائل بروئے کار لانا ہونگے۔
مرکزی سیکرٹری جنرل اسدعمر، سینیٹر شبلی فراز،سینٹر شوکت ترین ،منزہ حسین اور عمر ایوب وزیر خزانہ پنجاب محسن لغاری، وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا اور ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تحریک انصاف سندھ کے صدر علی حیدر زیدی، خورشید عالم ، ڈاکٹر افتخار درانی، سینٹر فیصل جاوید اور امجد علی خان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔