تاریخ گواہ ہے کہ ہمیشہ مشکل حالات میں چائنا نے پاکستان کا ساتھ ضرور دیا ہے، خالد مقبول

متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہمیشہ مشکل حالات میں چائنا نے پاکستان کا ساتھ ضرور دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام مرکز بہادرآباد سے متصل پارک میں ایم کیو ایم پاکستان اور بین الاقوامی شعبہ چائنا کمیونسٹ پارٹی کے تعاون سے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا؛ یہ سامان چائنا کی کمیونسٹ پارٹی نے متاثرین تک پہنچانے کیلئے ایم کیو ایم پاکستان کے حوالے کیا۔

اس موقعے پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے چاہے جیسے بھی مشکل ترین حالات رہے ہوں ہمارے پڑوسی ملک چائنا نے ہمیشہ ہی پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن بھی اس بات کی ایک زندہ مثال ہے جس پر ہم چین کی کمیونسٹ پارٹی اور چین حکومت کے مشکور ہیں؛ پاکستان کے عوام چائنا کے عوام کے مشکور و ممنون ہیں جنہوں نے اس مشکل وقت میں سیلاب متاثرین کے لئے امداد بھیجی۔

رکن رابطہ کمیٹی و وفاقی وزیر برائے آئی ٹی سید امین الحق نے اپنی گفتگو میں کہا کہ آج پاکستان جس مشکل وقت سے گزر رہا ہے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے چائنا کمیونسٹ پارٹی اس وقت میں مدد کیلئے کھڑی ہوئی، یہ کمیونسٹ پارٹی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں جہاں بھی کوئی مصیبت آتی وہاں مدد کو پہنچ جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چائنا کمیونسٹ پارٹی نہ صرف برے وقت میں بلکہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھی ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے، ایم کیو ایم پاکستان اور چائنا کمیونسٹ پارٹی آئندہ بھی مل کر پاکستان کی بہتری کیلئے مل کر کام کرینگے۔

اس دوران سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان، ڈپٹی کنوینر ز وسیم اختر، عبدالوسیم، کامران ٹسوری و دیگر اراکین رابطہ کمیٹی، انچارج فرقان اطیب و اراکین، مرکزی شعبہ جات کے ذمہ داران اور حق پرست اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔

Best Car Accident Lawyer