شازیہ عطا مری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی امدادی رقوم سے کٹوتی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ عطا مری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کٹوتی کرنے والوں کیخلاف 20 سے زائد مقدمات درج کروائے گئے ہیں، جس میں ایک خاتون بھی شامل ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم سے کٹوتی کرنے کے سنگین کرائم کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے بارش اور سیلاب متاثرین کو فی خاندان 25، 25 ہزار دینے کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلے میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے اس پوری مشق کا آغاز کردیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے فوری طور پر متاثرین میں رقم کی تقسیم کرنے کا اعادہ کیا، پورے ملک میں متاثرین میں رقم کی تقسیم کی سرگرمی جاری ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ متاثرین میں امدادی رقم کی تقسیم دو بینکیں ایچ بی ایل کنیکٹ اور بینک الفلاح کے ذریعے کی جاری ہے جبکہ پنجاب، سندھ، بلوچستان میں ایچ بی ایل کنیکٹ اور کے پی کے میں بینک الفلاح رقم تقسیم کر رہی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی امدادی رقم سے کٹوتی کی خبریں موصول ہو رہی ہے، جو متاثرہ عورتوں اور گھرانوں کو دی جانے والے 25 ہزار روپے کی رقم سے کٹوتی کی جارہی تھی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے اس عمل کیخلاف سخت کاروائیاں کی اور ملوث ایجنٹس اور عملے کی گرفتاریاں کروائی، کہیں پر ایجنٹس اور عملہ تو کہیں پر پولیس اہلکار کٹوتی کے عمل میں شامل پائے گئے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے امدادی رقم سے کٹوتی کرنے والوں کیخلاف سخت اقدامات اٹھائے ہیں ، میں نے اپنے حلقے سانگھڑ میں بھی رقم سےکٹوتی کی شکایت موصول ہونے پرسخت ایکشن لیا۔
وفاقی وزیر و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ عطا مری کا مزید کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی اس ایکسرسائز کے دوران کسی بھی کرائم کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے ، رقم سے کٹوتی چوری ہے اور ہم غریب عورتوں کے پیسوں سے کٹوتی کو ہرگز برادشت نہیں کریں گے۔