ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کی اپنی پالیسی سے دستبردار ہو۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان گزشتہ دو دنوں میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں مزید 5 نہتے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتا ہے، ان نہتے کشمیریوں کو دو روز میں شوپیاں اور سوپور میں دو الگ الگ واقعات میں ماورائے عدالت شہید کیا گیا۔
عاصم افتخار نے کہا کہ ضلع شوپیاں کے علاقے ناگبل میں ایک منظم ‘تلاش و گھیراؤ’ آپریشن کے دوران 3 کشمیریوں کو شہید کیا گیا، گزشتہ شب سوپور میں ایک جعلی مقابلے میں دو اور کشمیریوں کو ماورائے عدالت شہید کیا گیا، مظالم کے ڈھٹائی کے تسلسل میں بھارتی فورسز نے ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد ‘تلاشی و گھیراو’ آپریشن کر کے خون کی ہولی کھیلی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی کارروائیاں نہتے کشمیریوں کو پکڑنے اور بہیمانہ طریقے سے قتل کرنے کی گھناؤنی پردہ پوشی کے سوا کچھ نہیں، بھارت نے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ غیر قانونی اقدامات سے اب تک کم از کم 666 کشمیریوں کو ماورائے عدالت شہید کیا ہے، ان میں رواں برس 144 کشمیری شہید بھی شامل ہیں۔
ظلم کی کوئی بھی مقدار کشمیریوں کے عزم کو توڑ نہیں سکتی
انہوں نے کہا کہ ظلم کی کوئی بھی مقدار کشمیریوں کے عزم، استقامت اور حوصلے کو توڑ نہیں سکتی، پاکستان بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند کرے، بھارت ریاستی دہشت گردی کی اپنی پالیسی سے دستبردار ہو یعنی بھارت مقبوضہ کشمیر میں رائج سخت قوانین کو ختم کرے۔
بھارت کشمیریوں کو ان کے جائز حق خود ارادیت کا استعمال کرنے دے
عاصم افتخار نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کے جائز حق خود ارادیت کا استعمال کرنے دے، پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں بے دریغ ہلاکتوں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے اپنے مطالبے کی بھی تجدید کی ہے، اس کی اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر نے اپنی 2018 اور 2019 کی کشمیر رپورٹس میں سفارش کی ہے۔