صوبہ بلوچستان کے شہر تربت کے بازار میں دھماکے کے نتیجے میں ایک فرد جاں بحق جبکہ 7 افراد کے زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت ریسکیو ٹیمیں بھی جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی علاج کے لیے تربت کے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ڈان نیوز ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ دھماکے سےنہ صرف قریبی گاڑیوں کو نقصان پہنچا بلکہ کچھ دکانوں میں آگ بھی لگ گئی۔ پولیس کے مطابق شرپسندوں نے تربت میں دکانوں کے باہر کھڑی ایک موٹرسائیکل میں امپرووائزڈ ایکسپلوزو ڈیوائس (آئی ای ڈی) نصب کی تھی۔ ادھر پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ اس بات کی ابھی تصدیق نہیں ہوسکی کہ دھماکے کا ہدف کون تھا لیکن دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام شہری ہیں۔